News کاروان ناجیہ
شورکوٹ میں ہونے والے سالانہ روحانی اجتماع میں اُمتِ مسلمہ کی حالتِ زار پر آپ مدظلہ العالی کا خطاب
حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی (بانی و سرپرستِ اعلی عالمی روحانی جماعت کاروان ِ ناجیہ) نےشورکوٹ میں ہونی والے سالانہ روحانی اجتماع میں اُمت مسلمہ کی حالت ِزار پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ آج اُمت مسلمہ فرقہ واریت ،دہشت گردی اور جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ ہم اللہ کو پکارتے ہیں لیکن بارگاہ الٰہی سے قبولیت کی صدا نہیں آتی۔آج مسلمان تعداد میں دیگر ادیان سے زیادہ ہیں مگر اپنے حقوق کے تحفظ سے قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔ اقتدار، مال و دولت اور عنان حکومت پاس ہونے کے باوجود ذلت و رسوائی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔اسکی وجہ کیاہے؟کیوں آج ہماری صفوں میں اتحاد و اتفاق کافقدان اور ہمارے دلوں میں پیارومحبت کی جگہ حرص و حسد نے لے لی ہے۔
اس پرمزید گفتگو کرتے ہوئے آپ مدظلہ العالی نے فرمایا کہ حرص اور حسد نے متحد اُمت کو انتشار اور بربادی کی آخری حد تک پہنچا دیا ہے۔برداشت اور عفو ودرگزرختم ہو گیا ہے۔مساجد اللہ کےگھر اور اتحاد و یگانگی کا قلعہ ہیں لیکن آج ہم نے فرقہ واریت کا مرکز بنا دیا ہے۔آج مساجد پر رنگ برنگ جھنڈے مختلف مسالک کی پہچان ہیں،کیا یہ مساجد اللہ کے گھرہیں یاان مسالک سے وابستہ لوگوں کے۔۔۔؟
نظام میں تبدیلی پر بات کرتے ہوئے آپ مدظلہ العالی نے فرمایا کہ تبدیلی طاقت سے نہیں محبت ، پاکی اور حیاء سے آتی ہے۔اپنی اصلاح دوسروں کے لئے بہترین نصیحت ہے اور مومن کا پاک کردار اصلاح سیرت کے لئے بہترین چراغ ہے۔حقیقی تبدیلی مردان خدا کے پاک عمل و کردار سے رونما ہوتی ہے۔ ان کی تربیت سے اذہان نورِعلم سے منور، قلوب محبت، اخلاص اور صلہ رحمی سے مزین اور کردار حسن اخلاق کا مرقع بن جاتےہیں یہی وہ بنیادی اسباب ہیں جو انسان کومخلوق کے خوف سے پاک کر کے غیور اور بے نیاز بنا دیتے ہیں اور انسان کو دین اسلام کے راستے پر گامزن کر دیتے ہیں۔
آپ مدظلہ العالی نے مزید فرمایا کہ اللہ نے روح ،جسم اور زندگی کسی خاص مقصد کے لیے عطا فرمائی ہے۔ اسے لڑائی جھگڑوں، شر و فساد میں ضائع نہ کریں۔تمام انسان ایک ہی نسل اور اصل سے وابستہ ہیں۔ ہمارا باپ (حضرت آدمؑ) ایک ہے، خدا ایک، نبیﷺ ایک، قرآن ایک اوردین بھی ایک ہے۔تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اوراُمت مسلمہ کی نجات وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا پر عمل کرنے میں ہے۔ لا إلہ إلا اللہ محمد رسول اللہ سے بہترجھنڈا کوئی نہیں ہے آؤ اسے مل کر تھام لیں۔اپنی صورت و سیرت کو مصطفویﷺ لباس سے آراستہ کرلیں۔
آخر میں ملک میں قیام ِ امن ، عالم اسلام کے اتحاد اور ردّ الفساد کی کامیابی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگیں گئی۔
یہ خبر پڑھنے کیلئے اس پر کلک کریں۔
آج مساجد زیب و زینت سے مزین لیکن ہدایت کے نور سے خالی ہو چکی ہیں۔سرپرستِ اعلی کاروان ناجیہ -
