News کاروان ناجیہ
ہم تمام تر عبادات کی ادائیگی کے باوجود معرفتِ الہٰی سے دور کیوں ہیں کیا یہ بڑا نقصان نہیں ہے؟۔ حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی (بانی و سرپرستِ اعلیٰ عالمی روحانی جماعت کاروانِ ناجیہ)
ہم تمام تر عبادات کی ادائیگی کے باوجود معرفتِ الہٰی سے دور کیوں ہیں۔کیا یہ بڑا نقصان نہیں ہے؟
اللہ تعالیٰ کی پہچان کیلئے نفس کی پہچان کرنا ہوگی۔ حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی
اللہ تعالیٰ شہ رگ کے قریب ہے لیکن ہم شہ رگ کے قریب اس اللہ سے دور ہوچکے ہیں، اللہ کی معرفت اور رسائی کیلئے وسیلہ ضروری ہے۔
جس کو اپنے نفس کی پہچان نہیں وہ رب العالمین کی پہچان حاصل نہیں کر سکتا، اُمت مصطفیﷺ کو جوڑنا میرا مشن ہے، شورکوٹ میں خطاب
چکوال(پ،ر) عالمی روحانی جماعت ناجیہ کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ نے فرمایا کہ آج ہم نماز پڑھتے ہیں ، حج ادا کرتے اور زکوٰۃ دیتے ہیں لیکن پھر بھی ہم اللہ کی معرفت سے دور ہیں ، بے شک اللہ شہ رگ کے قریب ہے لیکن آج ہم اللہ سے دور ہیں جس طرح انسان اپنا چہرہ قریب ہونے کے باوجود بغیر آئینہ نہیں دیکھ سکتا اسی طرح اللہ کی معرفت اور رسائی کیلئے انبیاء، صلحا،صدیقین کا وسیلہ ضروری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شورکوٹ میں منعقدہ سالانہ روحانی اجتماع کے ہزاروں معتقدین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔
شرکاء اجتماع ولولہ انگیز انداز میں ان کا روحانی اور فکر انگیز خطاب سنتے دکھائی دئیے ۔انہوں نے مزید فرمایا کہ جس کو اپنے نفس کی پہچان نہیں وہ رب العالمین کی پہچان نہیں کر سکتا اور یہ کہ قرآن کے حروف عالم کی آنکھوںمیں، الفاظ زبان میں، علم دماغ میں اور تاثیر قلب میں ہے ، بے شک حضرت محمدِ مصطفیﷺ کے چہرہ انور میں جلوہ خدا نظر آتاہے۔
حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی نے رقت انگیز انداز میں مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ میں اُمت مصطفی ﷺ کو توڑنے نہیں جوڑنے آیا ہوں ، عاشقانِ مصطفیﷺ جھوٹے نہیں ہوتے بلکہ عاشقانِ مصطفیﷺ مردہ دلوں کو زندہ کرتے ہیں انہوں نے یہ بھی فرمایا! کہ اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ جو میرے دوستوں سے حسد کرے میرا اُس کے ساتھ اعلانِ جنگ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آسمان ،زمین ،چانداور تاروں کا نور حقیقت میں نورِ مصطفیﷺ سے اور نورِ مصطفیﷺ نورِ خدا سے ہے،
اس اجتماع میں مقامی رکن قوم اسمبلی حاجی نذیر سلطان، رکن صوبائی اسمبلی خالد غنی کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ، سالانہ روحانی اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، اس بڑے اجتماع کی خاص بات یہ بھی تھی کہ پنڈال میں جگہ کم پڑ گئی اور سینکڑوں لوگوں نے سڑک پر کھڑے ہو کر بانی و سرپرستِ کاروانِ ناجیہ کا خطاب سنا،حضرت محمد ظفر منصور نے شورکوٹ سے اجتماع کے بعد حضرت سخی سلطان باھوؒ کے دربار پر حاضری دی جہاں پر موجود دربار انتظامیہ نے اُن کا پر جوش استقبال کیا۔
