News کاروان ناجیہ

Views: 9771

مسلمان کی قوت وحدت اور اتفاق ہے ۔حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی

مسلمان کی قوت وحدت اور اتفاق ہے ۔حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی

24 مارچ بروز اتوار شورکوٹ میں ہونے والے روحانی اجتماع میں کاروانِ ناجیہ کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ نے حاضرین محفل سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا! انسان کا وجود خود ایک جہان ہے اس میں مختلف مخلوقات آباد ہیں۔ انسان بادشاہ ہے جو چاہتا ہے مخلوق سے وہی کرواتا ہے ۔ انسانی وجود میں محبت ایک مخلوق ہے ، سچائی ،منافقت ،حق اور باطل سب مخلوقات ہیں حتیٰ کہ نیت ، گفتار اور کردار بھی مخلوقات ہیں جو افضل مخلوقات ہیں۔ انسان ان سب پر حکمران ہے اور اپنے مقصد حیات کو ثابت کرنے سے ہرگز قاصر نہیں ہے۔ 
    اپنےضمیر سے پوچھو کیا نیت کی گواہی گفتار دیتا ہے ، کیا نیت ہمارے گفتار کے ساتھ اتفاق کر تی ہے ، کیا ہمارے گفتار کی گواہی کردار دیتا ہے ۔ کیا گفتار کردارسے متفق ہے ،کیا ہمارے وجود کی دنیا اتفاق ہے؟ ہمارے وجود کی دنیا میں اتفاق کی بجائے انتشار ہے، ہم خود فرقہ پرست ہیں ، ہماری نیت، گفتار اور کردار فرقہ پرست ہے پھر ہم کیسے خدا پرست بن سکتے ہیں ؟عقل کو ہم استعمال کرتے ہیں، لیکن سمت درست نہیں ہے، مثبت کی بجائے ہم عقل کا منفی استعمال کرتے ہیں ۔ خدا کیلئے اے غافل اُمت انسان ، اے نادان کیوں اپنی بربادی اپنے ہاتھ سے خود کر رہا ہے۔
    آئیں ہم غور کریں کہ کس نبی نے ،کس ولی نے ،کس آئین اور کس کتاب نے حکم دیا ہے کہ دین اسلام میں فرقے پیدا کر لو ، کبھی سنی کو مارو، کبھی شیعہ ،دیو بندی اور بریلوی کو کیا یہ وحشت نہیں ہے؟ مسلمان تو کیا انگریز کو کبھی بھی مارنا جائز نہیں جب تک وہ تیری عزت ، سرحدات اور آزادی پر حملہ نہیں کرتا یا تجھے نقصان نہیں دیتا۔ کافر بھی خدا کی مخلوق ہے اور تو بھی۔اس کا قتل مسلمان کیلئے جائز نہیں ہے ۔ اگر کسی کے دل میں ایمان ، قرآن کی حقیقت اور سیرت ِ مصطفیٰ کی روشنی ہے تو باطل کے اندھیروں میں بھٹکنے والے انسان خودبخود اسکی طرف رخ کر لیں گے اسے دوسروں پر کفر وشرک کے فتوے لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔
    اگر اللہ پر ایمان ہے ، یومِ آخرت ، سزاوجزا پر، زندگی کے بعد موت پر اور موت کے بعد پھر زندگی پر یقین ہے ، دنیا وآخرت میں نجات کے طلبگار ہو تو آپس میں بھائی بھائی بن جائو۔ایک دوسرے کے جان، مال اور عزت کے محافظ بن کر زندگی گزارو۔حسد کو مٹا دو،محبت کو رائج کر دو، جنگ کو ختم کر کے امن اور ظلم کے نظام کو نیست و نابود کر کے عدل کے نظام کو قائم کر دو، امیر غریب چھوٹے اور بڑے ،کالے اور گورے کے درمیان مساوات قائم کر لو، یہی اسلام کی حقیقت ہے، خدارا حقیقی مسلمان بن جائو ، اسلام کی طرف آجائو اسی میں انسانیت کی بقاء کا راز پوشیدہ ہے۔
 

Karwan-e-Najia Advertisement
- Live Chat

8 PM to 9 PM (PST)

Refresh the page if the form is visible after submission.