اُمتِ مسلمہ کو آج اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی
اٹک (نامہ نگار) فاروقِ اعظم کالونی اٹک شہر میں 19 اکتوبر 2025 بروز اتوار، عالمی روحانی جماعت کاروانِ ناجیہ کے زیرِ اہتمام سالانہ روحانی اجتماع نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجتماع میں ضلع بھر سے عقیدت مندوں اور علما ءو مشائخ نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں حضرات نے حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ مبلغین نے ایمان، اصلاحِ نفس اور اتحادِ اُمت کے موضوعات پر خطابات کیے۔
صاحبزادہ حق نواز منصور نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اگر توبہ کے طالب ہو تو تائبین کو تلاش کرو، کیونکہ توبہ کا بہترین ذریعہ تائبین سے نسبت اور تربیت ہے۔
آخر میں بانی و سرپرستِ اعلیٰ حضرت محمد ظفر منصور مدظلہ العالی نے فرمایا کہ جس طرح آپ آج اتحاد و محبت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر بیٹھے ہیں، میری تمنا ہے کہ پوری اُمتِ مسلمہ بھی اِسی یکجہتی اور ہم آہنگی کو اپنائے۔
آپس میں عدل و انصاف کو فروغ دے، باہمی احترام کو فروغ دیں اور ایک دوسرے کا سہارا بن کر اُمت کی اصل روح کو زندہ کرے۔
اجتماع کے اِختتام پر آپ مدظلہ العالی نےملکِ پاکستان کی سلامتی، اُمتِ مسلمہ کے اتحاد، اور بیت المقدس کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ شرکائے محفل نے عہد کیا کہ وہ اِس عظیم پیغام کا حصہ بن کر اُمتِ مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کے فروغ کے لیے ہر میدان میں کوشاں رہیں گے۔ اِن شاء اللہ